بس میں سوار 2 سنار کوئٹہ میں خریداروں تک سونا پہنچانے جار ہے تھے
مسلح افراد سونا چھین کر مسافروں کو بس میں بٹھا کر فرار،مقدمہ درج
قلعہ سیف اللہ (خصوصی رپورٹ)ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ کے قریب 3 گاڑیوں میں سوار نامعلوم مسلح افراد بس میں سوار ملتان کے 2 جیولرز سے ساڑھے 7 کلو سونا چھین کر فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا لیویز ذرائع کے مطابق ملتان سے کوئٹہ آنے والی بس میں سوار پنجاب کے 2 سنار سونا لے کر جارہے تھے، مسلم باغ کے قریب 3 گاڑیوں میں سوار مسلح ملزموں نے بس کو روکا، مسافروں کو بیگ سمیت نیچے اتارا، 25 کروڑ کا سونا چھینا اور تمام مسافروں کو واپس بس میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔لیویز ذرائع نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی واردات کا شکار ہونے والے جیولرز نے حکام کو بتایا کہ وہ سونا کوئٹہ میں خریداروں تک پہنچانے کے لیے جار ہے تھے، کہ اس دوران یہ واردات پیش آئی۔ملتان کے متاثرہ جیولرز نے بتایا کہ چھینے گئے سونے کی مالیت 24 کروڑ 81 لاکھ روپے ہے۔ذرائع کے مطابق متاثرہ جیولرز کی مدعیت میں واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا، اور ملزموں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کی جارہی ہے تاکہ ملزموں کو کسی محفوظ مقام پر پہنچنے سے قبل ہی دھر لیا جائے۔