ملک بھر سے 60 ہزار جیولرز کا ڈیٹا جمع ، صرف 21 ہزار رجسٹرڈ ہیں :حکام،کاروبار نہ ہونے کے برابر :کاشف بٹ
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے اسلام آباد اور پنجاب میں ٹیکس ادا نہ کرنے والے 900 جیولرز کو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ملک بھر سے 60 ہزار جیولرز کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے، جن میں سے صرف 21 ہزار ایف بی آر کے پاس رجسٹرڈ ہیں ،ان رجسٹرڈ جیولرز میں سے بھی صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن داخل کئے ہوئے ہیں، بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس چھپا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے ،پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی ہے۔ لاہور کی بڑی صرافہ مارکیٹ اچھرہ کی جیولرز ایسوسی ایشن کے سربراہ کاشف بٹ نے خبررساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ حکومت ٹیکس وصول کر سکتی ہے ہم فائلر بھی بننے کو تیار ہیں ،ڈی این ایف بی پی شعبے میں رجسٹریشن کروانے کو تیار نہیں ہیں۔ پہلے ہی سونے کی فی تولہ قیمت چار لاکھ سے زیادہ ہو چکی جس سے کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے ، ٹیکسوں سے خریداری مزید کم ہو جائے گی ،حکومت آئی ایم ایف کے دبائو پر ہمارے ریکارڈ کھنگالنا اورجمع پونجی لینا چاہتی ہے۔ایک اور جیولر زید بن ناصر نے بتایا کہ مزید ٹیکس لگا تو ہمارے علاوہ خریدار بھی مشکلات کا شکار ہوں گے،حکومت جیولرز پر ٹیکس لگانے کے بارے غور کرنا چاہیے۔ اچھرہ صرافہ مارکیٹ میں ہی محمد رضا نامی شہری نے کہا کہ اکلوتی بیٹی کی شادی کیلئے 10 سال سے رقم جمع کر رہا ہوں، لیکن سونا اتنا مہنگا ہو چکا کہ اب ڈھائی تین تولے بھی مشکل سے خریدنے کی سکت ہے۔