ٹیکس چھپانے والے جیولرز کی فہرستیں تیار ، 60ہزار سے زائد کا ڈیٹاجمع،ایف بی آر نے کارروائی شروع

ٹیکس چور جیولرز کیخلاف کریک ڈائون کی تیاری
21ہزارایف بی آر کیساتھ رجسٹرڈ ،صرف10ہزار524نے ٹیکس ریٹرن فائل کیں ،پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے 900جیولرز سے جواب طلب،نوٹسز جاری کردئیے گئے 
لاہور(کرائم رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کیلئے فہرستیں تیارکرکے60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس چھپا رہے ہیں، 60 ہزار میں سے صرف 21 ہزار جیولرز ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں، صرف 10 ہزار 524 نے ٹیکس ریٹرن داخل کیں۔پہلے مرحلے میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے تاجروں کی فہرست تیار کی گئی ہے اور نوٹسز کے ذریعے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔ذرائع ایف بی آر نے بتایا کہ بیشتر جیولرز اپنی آمدنی کم ظاہر کر کے ٹیکس بچارہے ہیں، ٹیکس چھپانے والے جیولرز کے خلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے جس کیلئے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریٹرن ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور رہن سہن کے مطابق نہیں، کئی ہزار جیولرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہی نہیں ہو رہے، ٹیکس کم دینے والے جیولرز سے نوٹسز کے ذریعے جواب طلب کیا جا رہا ہے۔ ایف بی آر حکام نے کہا ہے کہ تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا رہا ہے، کسی تاجر اور صنعت کار کو بلاوجہ نوٹس نہیں دیں گے، ہر فرد اپنے حصے کا ٹیکس ایمانداری سے دے گا تو ملک چلے گا۔