ون ویلنگ ،ریسنگ کے تدارک کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے استفادہ کیا جائے: بلال صدیق کمیانہ
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کی جانب سے ون ویلرز کے خلاف مختلف کارروائیوں میں رواں سال 1846ملزمان کی گرفتاری عمل میں لا کر1701مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ون ویلرز اور ریسنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ ون ویلنگ اور ریسنگ پر قابو پانے کیلئے اہم شاہرائوں پر ناکے لگائے گئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ون ویلنگ کے جان لیوا کھیل کی روک تھام کیلئے ڈولفن اسکواڈ اور پیرو کی خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔سی سی پی او لاہور نے پولیس ٹیموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ اور ریسنگ کے تدارک کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی آلٹریشن کرنے والے مکینکس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ نوجوان ون ویلنگ،ریسنگ اور بائیکس کی آلٹریشن سے گریزکریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوموں کا شعار ہے، شہری ون ویلرز اور ریسنگ کی اطلاع 15 پر دیں