اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، مجموعی تعداد 720 تک پہنچ گئی

اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، مجموعی تعداد 720 تک پہنچ گئی

اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 مریض سامنے آئے، جن میں سے 22 دیہی علاقوں اور 9 شہری علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سیزن میں اب تک 720 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 20 مریض اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔انسدادِ ڈینگی اقدامات کے تحت متاثرہ گھروں اور اطراف میں ریزیڈول اسپرے مکمل کیا گیا، 2 ہزار مقامات پر فوگنگ آپریشن کیا گیا اور صرف ستمبر میں ہی 16,332 مثبت لاروا سائٹس کا خاتمہ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 8 لاکھ 46 ہزار سے زائد سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں۔

سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی ٹیمیں ہائی رسک علاقوں میں متحرک ہیں، جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی والے برتن، ٹینک اور کولرز صاف رکھیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔