وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب منافع جائز حدود سے باہر نکل جائے تو اسے روکنا حکومت کا فرض ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رشوت کی کمائی میں کبھی برکت نہیں ہوتی، جتنی تیزی سے آتی ہے اتنی ہی تیزی سے چلی جاتی ہے۔یہ بات انہوں نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا:"وعدہ کرو ایک پیسہ رشوت کا نہیں لو گے۔"کاروباری افراد جائز منافع کمائیں، جبکہ حکومت کی ریٹ لسٹ کے مطابق گندم اور آٹے کی قیمت یقینی بنانی ہے۔
امن و امان اور قانون پر زور
مریم نواز نے کہا کہ سی سی ڈی ڈیپارٹمنٹ نے جو امن قائم کیا اس کی مثال نہیں ملتی، پنجاب کے کئی اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میرا خواب ہے کہ پنجاب ماں بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین خطہ بنے۔"
قبضہ مافیا کے خلاف خصوصی قانون
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بیواؤں اور یتیموں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانون لایا جا رہا ہے:خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی۔زمین پر قبضے سے متعلق کیسز کا فیصلہ 90 دن میں ہوگا۔قبضہ کرنے والوں کو 10 سال قید کی سزا دی جائے گی۔
پیرا فورس اور خواتین کی شمولیت
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام ان کا خواب تھا جو حقیقت میں بدل گیا۔ اس فورس میں باصلاحیت خواتین شامل ہیں جن کا مقصد عوام کو ظلم سے بچانا اور انصاف دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر عوام بالخصوص خواتین بہت خوش ہیں، اور عوام کی خدمت کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔