پنجاب کی خدمت میرا فرض اور عزم ہے، مریم نواز

پنجاب کی خدمت میرا فرض اور عزم ہے، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا ہے اور عوام کی خدمت کو اولین فرض سمجھتی ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے، حکومتی احکامات پر عملدرآمد اور انتظامی بہتری کے لیے ایک جامع ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو براہ راست عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبے میں قیمتوں پر کنٹرول کرنے، منافع خوری کی روک تھام اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ سڑکوں اور بازاروں میں ناجائز تجاوزات ختم ہونے پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ مصنوعی مہنگائی جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے اب ایک مؤثر فورس تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تنگ بازار خواتین کے لیے ہراسمنٹ کا باعث بن رہے تھے، جنہیں کلیئر کروانے سے نہ صرف عوامی آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے بلکہ تاجر برادری کے کاروبار میں بھی بہتری آئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے ایک نیا ادارہ تشکیل دیا ہے جس کا سربراہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہوگا، جو حکومتی اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مصنوعی مہنگائی اور تجاوزات کے خلاف حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ایک منظم، محفوظ اور خوشحال پنجاب تشکیل دیا جا سکے۔