وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنگلی حیات کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات ہمارے مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صحرائی علاقوں میں جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے خصوصی سکواڈز خوش آئند ہیں، اور وائلڈ لائف فورس کے قیام کے ذریعے جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اینیمل رائٹس اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کو مزید جامع اور مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ غیر قانونی شکار، قید اور جانوروں پر تشدد کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ یہ اقدامات نہ صرف جانوروں کی بقا کے لیے ضروری ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن اور قدرتی وسائل کی حفاظت میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔