آذربائیجان سے بھارت جانے والی پرواز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی

آذربائیجان سے بھارت جانے والی پرواز نے کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی

ویب ڈیسک: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے بھارتی شہر چنائے جانے والی غیرملکی ائیر لائن کی پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، آذربائیجان کی سلک وے ائیر لائن کی پرواز زیڈ پی 4771 باکو سے چنائے جا رہی تھی۔ پرواز پاکستانی فضائی حدود عبور کر کے بھارتی فضائی حدود میں بحیرہ عرب پر تھی، جب 31 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔طیارے کے پائلٹ نے فوری طور پر قریب ترین ائیر ٹریفک کنٹرول کراچی سے رابطہ کیا اور ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ اجازت ملنے پر IL-76 کارگو طیارے نے کراچی میں باحفاظت لینڈنگ کی۔

طیارے کو کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون پر کھڑا کیا گیا ہے اور عملے اور سامان کو محفوظ طریقے سے اتارا گیا ہے۔ ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ طیارے کی فنی خرابی کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور کوئی انسانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔