ہیکیونگ لی کو 2022 میں سیئول سے نیوزی لینڈ کے حوالے کیا گیا
پاگل پن کی وجہ سے قصوروار نہیں، شوہر کی موت نے ذہنی دبا کا شکار کر دیا تھا
آکلینڈ (آئی این پی )نیوزی لینڈ میں ایک ماں کو دو بچوں کو قتل کرنے اور ان کی لاشوں کو سوٹ کیسوں میں چھپانے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق 45 سالہ ہیکیونگ لی کو 2022 میں سیئول سے نیوزی لینڈ کے حوالے کیا گیا تھا جس کے بچوں کی باقیات سوٹ کیسوں میں دریافت ہوئی تھیں جو جنوبی آکلینڈ میں ایک سٹوریج یونٹ میں چھوڑ دی گئی تھیں۔حکام کا خیال ہے کہ ان کی لاشیں ملنے سے پہلے وہ تین سے چار سال تک مر چکے تھے۔ بچوں یونا جو اور مینو جو کی عمر موت کے وقت آٹھ اور چھ سال تھی۔لی کے وکلا نے استدلال کیا تھا کہ وہ پاگل پن کی وجہ سے قصوروار نہیں تھیں اور 2017 میں ان کے شوہر کی موت نے انہیں ذہنی دبا کا شکار کر دیا تھا۔ لیکن استغاثہ نے دلیل دی تھی کہ وہ جانتی تھیں کہ وہ کیا کر رہی تھیں۔آکلینڈ ہائی کورٹ کی جیوری نے صرف دو گھنٹے کی بحث کے بعد انہیں مجرم قرار دیا۔