لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)لندن میں سارہ شریف قتل کیس کا فیصلہ آگیا۔ مقتولہ سارہ کے والد عرفان شریف اور سوتیلی ماں بینش بتول کو قتل کا مجرم قرار دے دیا گیا۔لندن میں 10 سال کی سارہ شریف کی لاش ووکنگ میں گھر سے گذشتہ برس 10 اگست کو ملی تھی۔ دوران سماعت عرفان شریف نے سارہ کو آئے زخموں کی ذمہ داری قبول کرلی تھی جبکہ عرفان شریف نے سارہ کو دھاتی ڈنڈے، کرکٹ بیٹ اور موبائل فون سے مارنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔خیال رہے کہ سارہ کی لاش ملنے سے ایک روز قبل عرفان شریف، بینش بتول اور فیصل ملک پانچ بچوں کے ہمراہ پاکستان روانہ ہو گئے تھے۔سارہ کے والد 42 سالہ ٹیکسی ڈرائیور عرفان شریف، سوتیلی ماں 30 سالہ بینش بتول اور چچا فیصل ملک واقعے کے ایک ماہ بعد برطانیہ واپس آئے جہاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے طیارے کے دروازے کھلتے ہی اس میں جاکر تینوں کو ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کیا۔ اکتوبر کے وسط سے ان پر مقدمہ چل رہا تھا۔