پنجاب بھر میں سموگ کے تدارک کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جس میں ٹریفک پولیس کی جانب سے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق پچھلے تین ہفتوں کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 8 کروڑ 8 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں، اور اس دوران 40 ہزار 400 سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔مزید برآں، 51 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ معطل کیے گئے ہیں اور 63 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، 19 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور 7,700 سے زائد گاڑیوں کو بند کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 2,300 سے زائد مٹی سے لوڈڈ آن کورڈ گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں، اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 2,000 روپے فی چالان کے تحت کارروائی جاری ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ناقص انجن آئل اور ایندھن کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب کو سموگ فری بنانے کے لئے تمام ٹریفک افسران متحرک ہو کر کام کریں۔