منشیات جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس کا ساتھ دیں:یس پی قاضی علی
لاہور (کرائم رپورٹر)کینٹ ڈویڑن پولیس نے منشیات کی ترسیل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے محمود بوٹی گول چکر کے قریب چنگ چی رکشے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔گرفتار ملزمان میں ایوب مسیح، سلمان، رفیق اور محسن شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 15 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ وہ علاقہ غیر سے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انہیں انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ایس پی کینٹ کیپٹن (ر) قاضی علی رضا نے شہریوں سے اپیل کی کہ منشیات جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔