وفاقی پابندی سے انتشار پسند جماعت کیخلاف بڑا اقدام، عظمیٰ بخاری

وفاقی پابندی سے انتشار پسند جماعت کیخلاف بڑا اقدام، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفاقی حکومت کے مذہبی جماعت پر پابندی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

 انہوں نے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا کہ یہ اقدام انتشار پھیلانے والے منظم اور منفی ذہنیت کے خلاف ایک اہم پیغام ہے۔ عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ یہ جماعت صرف مذہب کا لبادہ اوڑھ کر فساد اور بد امنی پھیلانے کی کوشش کرتی ہے اور ان کا اصل مقصد لاشوں پر سیاست کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جماعت جب بھی احتجاج کرتی ہے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچاتی ہے، اور اس حوالے سے وہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں اپنا کیس مضبوطی سے لڑیں گے۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس جماعت کا مکمل ٹریک ریکارڈ موجود ہے، اور یہ بھی ثابت کیا جائے گا کہ بیرون ملک سے ان کے لیے پیسے آ رہے تھے جن کا کوئی قانونی ریکارڈ نہیں ہے۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ اس جماعت کے خلاف ابھی کئی منی لانڈرنگ کے کیسز بننے ہیں، اور انتشار پسند ٹولے کو فنانس کرنے والے 45 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔