وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تھیٹر کی آڑ میں صوبہ بھر میں فحاشی اور عریانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو تھیٹر فحاشی کو فروغ دے گا، اسے تین وارننگز کے بعد تاحیات پابندی کا سامنا ہوگا۔عظمیٰ بخاری لاہور میں الحمرا آرٹ کونسل میں کلچر رپورٹرز کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران گفتگو کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی پکار تنویر ماجد، ای ڈی الحمرا توقیر کاظمی اور ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے اس بات کا اعلان کیا کہ تھیٹرز سے متعلق نیا قانون آئندہ ہفتے متعارف کرایا جائے گا، اور پنجاب سینسر بورڈ کو ازسرِ نو تشکیل دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمرا لاہور میں جلد فیملی تھیٹر شروع کیا جائے گا اور 17 اپریل کو حکومت پنجاب کی جانب سے کلچر ڈے منایا جائے گا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود شرکت کریں گی۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ تھیٹر کو فیملی انٹرٹینمنٹ کے طور پر دیکھا جائے، اور اس طرح کے ڈرامے بننے چاہئیں جن میں لوگ اپنی فیملیوں کے ساتھ بلا خوف و خطر جا سکیں۔عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ان کے محکمے میں اگر کوئی افسر فحاشی پھیلانے والوں کا ساتھ دے گا، تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیا قانون تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا کیونکہ پاکستانی اسٹیج ڈرامے دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔