محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں میں نصب غیر قانونی سلنڈرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی منظوری دیدی،حکام
فٹنس، رجسٹریشن اور پرمٹ کی تجدید سلنڈر ہٹائے بغیر ممکن نہیں ہوگی، سیکرٹری پنجاب پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی
لاہور (زیڈ این این)پنجاب میں گاڑیوں میں نصب غیر قانونی ایل پی جی سلنڈرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔سیکرٹری پنجاب پروونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حسان احسن نے کارروائی کے لیے ایس او پیز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جن کے تحت غیر قانونی ایل پی جی سلنڈر والی گاڑی کو غیر محفوظ اور‘‘ان فِٹ’’قرار دیا جائے گا۔حکام کے مطابق ایسی گاڑیوں کو موقع پر چالان کیا جائے گا جبکہ سلنڈر ہٹائے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ، روٹ پرمٹ اور رجسٹریشن کی تجدید نہیں ہو سکے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی پروونشل موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت بند بھی کی جا سکتی ہے، جب کہ غیر معیاری یا غیر قانونی سلنڈر ضبط کیا جائے گا۔ایس او پیز کے مطابق ایک دن میں ایک گاڑی پر صرف ایک چالان کیا جائے گا، تاہم سلنڈر کے دوبارہ استعمال پر سخت جرمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔غیر قانونی سلنڈرز کے خلاف روزانہ کارروائی اور رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا سستی پائی گئی تو متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔