ایڈووکیٹ جنرل آفس کی طرح سرکاری محکموں میں بھی وکلا کی تقرری کی جائے گی
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے دور میں تعینات قانونی مشیروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ قانون نے تمام انتظامی سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں قانونی مشیروں کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ قانون کے مراسلے کے مطابق سرکاری محکموں کے لیے قانونی مشیروں کی تقرری کی سفارش 11 نومبر 2024 سے 17 ستمبر 2026 تک کے عرصے کے لئے کی گئی تھی۔ یہ تقرریاں ایڈووکیٹ جنرل آفس کی اسکروٹنی کمیٹی کی سفارش پر عمل میں لائی گئی تھیں۔مراسلے میں تمام انتظامی محکموں کو قانونی مشیروں کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرکے محکمہ قانون کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری امور کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نئی تقرریاں جلد کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔گورنر کی مشاورتی کونسل کے مشیر قانون عامر جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کی طرح سرکاری محکموں میں بھی جلد وکلا کی تقرری کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وکلا کی تقرری کا عمل میرٹ پر ہوگا، جبکہ ہٹائے جانے والے وکلا میں سے اگر کوئی میرٹ پر پورا اترا تو اسے بھی دوبارہ تعینات کیا جا سکتا ہے۔