بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کی صاحبزادی سارہ ٹنڈولکر اور بالی ووڈ اداکار سنی دیول کے بیٹے راج ویر دیول کی شادی سے متعلق سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارہ ٹنڈولکر کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دونوں خاندانوں کے درمیان شادی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ ذرائع کے مطابق حیران کن طور پر سارہ اور راج ویر آج تک ایک دوسرے سے ملے بھی نہیں ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سارہ ٹنڈولکر غیر شادی شدہ ہیں اور فی الحال اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات پر توجہ دے رہی ہیں۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی شادی سے متعلق قیاس آرائیوں میں کوئی حقیقت نہیں اور اس نوعیت کی خبریں غیر ضروری اور پریشان کن ہیں۔دوسری جانب سارہ ٹنڈولکر ماضی میں اپنی شادی اور ازدواجی زندگی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی ارجن ٹنڈولکر کی شادی کے تجربے کو اپنی مستقبل کی شادی کے لیے ایک اہم تیاری قرار دیا تھا۔
سارہ کا کہنا تھا کہ بھائی کی شادی ان کے لیے ایک بہترین تجربہ ثابت ہوئی، جس سے انہیں یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ وہ اپنی شادی میں کیا چاہیں گی اور کن چیزوں سے گریز کرنا پسند کریں گی۔جنریشن زی کے رشتوں اور شادی سے متعلق سوچ پر بات کرتے ہوئے سارہ نے کہا تھا کہ ان کی نسل شادی کو سنجیدگی سے لیتی ہے، تاہم اگر کوئی رشتہ درست سمت میں آگے نہ بڑھ رہا ہو تو اسے ختم کرنے سے بھی گریز نہیں کرتی۔