انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارت کے لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے میچ کے دوران جو روٹ نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 23 ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں اور انگلینڈ کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔جو روٹ نے یہ سنگ میل 521 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 23 ہزار انٹرنیشنل رنز کا ہندسہ 522 اننگز میں عبور کیا تھا۔ اس طرح روٹ نے تیز ترین 23 ہزار بین الاقوامی رنز مکمل کرنے کے معاملے میں ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔اس فہرست میں بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی سرفہرست ہیں، جنہوں نے صرف 490 اننگز میں 23 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کیے تھے۔جو روٹ سے قبل سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور بھارت کے راہول ڈریوڈ یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں جو روٹ نے 52 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے شامل تھے۔ اس اننگز کے بعد ان کے مجموعی بین الاقوامی رنز کی تعداد 23 ہزار 41 ہوگئی ہے اور وہ اس فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔جو روٹ اس سے قبل بھی سچن ٹنڈولکر کے متعدد ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ مسلسل عمدہ کارکردگی کے باعث انگلش بیٹر نے بین الاقوامی کرکٹ میں کئی بڑے سنگ میل عبور کیے ہیں اور جدید دور کے نمایاں بیٹرز میں اپنی جگہ مزید مستحکم کی ہے۔23 ہزار انٹرنیشنل رنز کا سنگ میل روٹ کے طویل اور کامیاب بین الاقوامی کیریئر میں ایک اور اہم اضافہ ہے، جبکہ تیز ترین یہ ہندسہ عبور کرنے کے حوالے سے ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑنا بھی ان کے ریکارڈز میں شامل ہوگیا ہے۔