آسٹریلیا کے تجربہ کار ٹی ٹوئنٹی بیٹر کرس لین کو کوکین استعمال کرنے کا اعتراف کرنے پر ایک ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے منشیات سے متعلق بحالی کا پروگرام مکمل کر لیا ہے اور ان کی پابندی بھی ختم ہو چکی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ریگولیٹر کے مطابق 36 سالہ کرس لین کا ڈوپنگ ٹیسٹ 18 جولائی 2026 کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے فائنل ڈے پر لیا گیا تھا۔ اس وقت وہ نارتھمپٹن شائر کی نمائندگی کر رہے تھے۔کرس لین نے مذکورہ میچ میں 39 اور 4 رنز بنائے تھے، جبکہ ان کی ٹیم نارتھمپٹن شائر نے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل تیسری مرتبہ اپنے نام کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق فرانس کی لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے نمونے میں کوکین کے استعمال کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد کرکٹ ریگولیٹر نے انہیں عارضی طور پر معطل کر دیا۔بعدازاں کرس لین نے اعتراف کیا کہ انہوں نے 15 جولائی کی شام اور 16 جولائی کی ابتدائی ساعتوں میں کوکین استعمال کی تھی۔ کرکٹ ریگولیٹر نے واضح کیا کہ منشیات کا استعمال مقابلے کے دوران نہیں ہوا تھا اور نہ ہی اس کا کھیل کی کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق تھا۔
اس معاملے میں ابتدائی طور پر تین ماہ کی پابندی تجویز کی گئی تھی، تاہم کرس لین کی جانب سے نشہ آور اشیا کے استعمال سے متعلق بحالی پروگرام مکمل کرنے کے بعد سزا میں کمی کر دی گئی اور پابندی ایک ماہ تک محدود رہی، جو 30 اگست کو ختم ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق پابندی ختم ہونے کے باوجود کرس لین تاحال پروفیشنل کرکٹ میں واپس نہیں آئے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ آئندہ بگ بیش لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔