2026 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی

2026 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی

اسلام آباد: سال 2026 کی آخری قومی انسداد پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں چلائی جائے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے ملک گیر مہم کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔این ای او سی کے مطابق ایک ہفتے پر مشتمل یہ جامع مہم ملک کے 167 اضلاع میں بیک وقت چلائی جائے گی۔ رواں سال کی آخری قومی انسداد پولیو مہم پہلی مرتبہ ویک اینڈ سے شروع کی جائے گی، جس میں 4 لاکھ سے زائد تربیت یافتہ ہیلتھ ورکرز حصہ لیں گے۔مہم کے دوران ہر اہل بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی، تاکہ بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔لاہور میں مہم کے دوران 22 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 6 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں فیلڈ میں خدمات انجام دیں گی۔ اس سے قبل رواں ماہ لاہور میں خصوصی انسداد پولیو مہم بھی چلائی گئی تھی۔

صوبائی سطح پر پنجاب کے 38 اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سندھ کے 30 اضلاع میں ایک کروڑ 3 لاکھ سے زائد اور خیبر پختونخوا کے 37 اضلاع میں 72 لاکھ 46 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔اسی طرح بلوچستان کے 41 اضلاع میں 26 لاکھ 29 ہزار سے زائد، اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں 2 لاکھ 79 ہزار سے زائد جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 10 اضلاع میں 7 لاکھ 9 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

این ای او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے معاشرے کے ہر فرد کا تعاون ناگزیر ہے۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو ہر قومی مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔