قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، لاہور میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، لاہور میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

قومی انسداد پولیو مہم باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت لاہور میں پانچ سال سے کم عمر 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ مہم وزیراعلیٰ پنجاب کے ’’پولیو فری پنجاب‘‘ کے ویژن کے تحت تیزی سے عملی اقدامات کے ساتھ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال میں ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بھی موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کی کامیابی کے لیے لاہور بھر میں 5825 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 371 فکسڈ ٹیمیں ویکسی نیشن کے فرائض انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر 214 ٹرانزٹ پوائنٹس فعال کر دیے گئے ہیں، جہاں آنے جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی ہے کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود پولیو ورکرز کو ڈیجیٹل ڈیش بورڈ میں درست اور بروقت اندراج کی بھی ہدایت کی۔ضلعی انتظامیہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی اپنی تحصیلوں میں انسداد پولیو مہم کی خود نگرانی کرنے اور تمام ٹرانزٹ پوائنٹس پر بچوں کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔