لاہور کے تمام فلائی اوورز پر ہیوی گاڑیوں کا داخلہ بند

لاہور کے تمام فلائی اوورز پر ہیوی گاڑیوں کا داخلہ بند

لاہور: ٹریفک پولیس نے فضائی آلودگی اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے شہر کے تمام فلائی اوورز پر لوڈر اور ہیوی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

 پابندی کا اطلاق ٹرکوں، ڈمپرز اور سامان سے لدی ٹرالیوں سمیت تمام بھاری لوڈر گاڑیوں پر ہوگا۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور کے مطابق اچھرہ پل سمیت شہر کے تمام فلائی اوورز پر ٹرکوں، ڈمپرز اور لوڈر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریت، بجری اور اینٹوں سے لدی ٹرالیوں کو بھی فلائی اوورز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ فلائی اوورز پر ہیوی لوڈر گاڑیوں کے باعث ٹریفک حادثات کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔ شہر میں فلائی اوورز پر چڑھتے ہوئے لوڈر گاڑیوں کی زد میں آکر تین موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو چکے ہیں، جس کے بعد مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ ہیوی لوڈر گاڑیوں کو فلائی اوورز پر داخل ہونے سے ہر صورت روکا جائے اور پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ٹریفک پولیس کے مطابق پابندی پر عملدرآمد کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں نگرانی اور کارروائی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔پابندی کا اطلاق شاہدرہ، آزادی، داتا گنج بخش، مسلم ٹاؤن، کلمہ چوک اور مغلپورہ فلائی اوور سمیت لاہور کے تمام فلائی اوورز پر ہوگا۔