ڈھاکا: بنگلہ دیش کی معزول سابق وزیراعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ نے بھارت میں دو سال سے زائد عرصہ جلاوطنی گزارنے کے بعد 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کے ارادے کا اظہار کردیا ہے۔
انہوں نے بنگلہ دیشی حکومت سے نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کا طیارہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ نے بنگلہ دیش کے یومِ فتح کے موقع پر وطن واپسی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ان کے ترجمان سید معظم علی نے بتایا کہ شیخ حسینہ چاہتی ہیں کہ حکومت ان کی واپسی کے لیے سرکاری فضائی سہولت فراہم کرے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024 کو بنگلہ دیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، لہٰذا اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں اسی طرح وطن واپس لانے کا انتظام کرے۔ ان کے مطابق شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والی ملک گیر عوامی تحریک کے نتیجے میں اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ ان کی 15 سالہ حکمرانی کا خاتمہ مظاہروں اور پرتشدد واقعات کے بعد ہوا تھا، جن کے دوران اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق 1400 تک افراد ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت نے شیخ حسینہ کی وطن واپسی سے متعلق مطالبے پر سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھارت سے حوالگی کے قانونی طریقہ کار کے تحت ہی واپس آسکتی ہیں اور وطن پہنچنے پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا۔ حکومت نے سرکاری طیارہ فراہم کرنے کے مطالبے کو بھی قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خصوصی انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے گزشتہ سال نومبر میں 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے مقدمے میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم شیخ حسینہ اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کرتی ہیں۔شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور ان کی واپسی سے متعلق معاملہ سیاسی اور قانونی کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔ دوسری جانب بھارت نے بنگلہ دیش کی جانب سے ان کی حوالگی کی درخواست پر تاحال کوئی نیا باضابطہ مؤقف سامنے نہیں رکھا۔