ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے بنگلہ دیشی حکام سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2024 میں شدید عوامی احتجاج کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل ہونے اور ملک چھوڑنے کے بعد نئی بنگلہ دیشی حکومت سے شیخ حسینہ کا یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے۔ اس پیش رفت کو ان کی وطن واپسی کے منصوبے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس سے بنگلہ دیش میں سیاسی اور قانونی معاملات پر نئی بحث بھی شروع ہونے کا امکان ہے۔
نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے قانونی درخواست
لندن میں قائم قانونی فرم میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کے نام خط ارسال کیا ہے۔خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عبوری حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے شیخ حسینہ کا سابقہ پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، اس لیے ان کی موکلہ کو نئے سفری اور شناختی دستاویزات فوری طور پر جاری کیے جائیں۔وکلا نے درخواست میں شیخ حسینہ کی بنگلہ دیشی شہریت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت حاصل قانونی حقوق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی درخواستوں پر بلا تاخیر کارروائی کی جائے۔
دسمبر میں وطن واپسی کے منصوبے کا اشارہ
رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ کی جانب سے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست کو ان کی رواں سال دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کے منصوبے کی تیاریوں سے جوڑا جا رہا ہے۔تاہم ان کی واپسی کی حتمی تاریخ، سفری انتظامات اور بنگلہ دیش میں ممکنہ قانونی صورت حال کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
بنگلہ دیشی حکام کا ردعمل سامنے نہ آسکا
نئی دہلی میں بنگلہ دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان اور ڈھاکہ میں وزیراعظم طارق رحمان کے ترجمانوں کی جانب سے اس درخواست پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ، جو ماضی میں بنگلہ دیش کی بڑی سیاسی جماعتوں میں شمار ہوتی تھی، ان کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سیاسی پابندیوں اور قانونی کارروائیوں کی زد میں ہے۔ جماعت کے متعدد رہنما اور سابق وزرا جیلوں میں قید ہیں، جبکہ بعض بھارت اور دیگر ممالک میں مقیم ہیں۔