بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی پر کشیدگی، ملک بھر میں سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی ممکنہ واپسی پر کشیدگی، ملک بھر میں سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات

ڈھاکا: بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی ممکنہ وطن واپسی کے معاملے پر سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد حکومت نے ملک بھر میں سکیورٹی سخت کرتے ہوئے سینکڑوں نیم فوجی اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔

 گزشتہ دس روز کے دوران مختلف علاقوں میں بم دھماکوں، گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے اور احتجاجی مظاہروں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ اگست 2024 میں حکومت مخالف پُرتشدد احتجاج کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں، جہاں وہ اس وقت جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دیتے ہوئے دسمبر میں وطن واپس آنے کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے تاحال ان کی واپسی کی درخواست مسترد کر رکھی ہے۔شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے ان کی وطن واپسی کے حق میں گزشتہ ہفتے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر مشتمل ایک ہفتے کے پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ اس پروگرام کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی صورت میں ہونا ہے، جس کے پیش نظر حکام نے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دس روز کے دوران بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکے اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ سرکاری اور نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق منگل کی رات سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے آبائی علاقے گوپال گنج کے قریب احتجاج کے دوران نامعلوم افراد نے حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر قتل کر دیا۔ اسی رات دارالحکومت ڈھاکا میں وزیر ثقافتی امور نتائی رائے چوہدری کی رہائش گاہ کے باہر دیسی ساختہ بم دھماکا بھی ہوا۔گوپال گنج میں بی این پی کے ایک رکن پارلیمنٹ کے گھر اور جماعت کے حامیوں کی دکانوں کو بھی آگ لگانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ حکام کے مطابق بدھ کی صبح جنوبی ضلع پیروج پور میں دو بسوں کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بس کمپنی کا معاون جھلس کر ہلاک ہوگیا۔پولیس ترجمان کاماروم منیرا کے مطابق حالیہ واقعات میں کم از کم سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ آٹھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس مختلف واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے اور ذمہ داروں کی شناخت کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

گرامین بینک کے دفاتر بھی حملوں کی زد میں

بنگلہ دیش میں جاری بدامنی کے دوران نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کے قائم کردہ گرامین بینک کی شاخوں اور دفاتر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ بینک انتظامیہ کے مطابق 10 نومبر سے اب تک کم از کم 37 شاخوں اور دفاتر کو آگ لگانے یا آگ لگانے کی کوششوں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ منگل کی نصف شب کے بعد مزید 14 مقامات پر حملے ہوئے۔محمد یونس نے شیخ حسینہ حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی قیادت سنبھالی تھی۔ اس دوران انہیں شیخ حسینہ کے حامیوں کی مخالفت کا سامنا بھی رہا ہے۔ڈھاکا پولیس کے ترجمان نیاز مہدی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 71 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں عوامی لیگ اور اس سے وابستہ گروہوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔دوسری جانب بنگلہ دیش کی حکمران جماعت بی این پی کی حکومت نے ملک میں ہونے والے حالیہ تشدد کا الزام شیخ حسینہ کی کالعدم جماعت عوامی لیگ پر عائد کیا ہے۔ تاہم پولیس نے گوپال گنج میں ہونے والے حملوں کے مشتبہ افراد کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی۔