پاکپتن :دھی رانی پروگرام،89مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی

 وزیراعلیٰ کی نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد، ہر دلہن کو 2 لاکھ سلامی ، عروسی ملبوسات پیش 
مستحق خاندانوں کا سہارا بننا، خوشیوں میں شرکت ریاست کا حقیقی کردار:سہیل شوکت 
پاکپتن (خصوصی رپورٹ)پاکپتن میں ‘‘دھی رانی پروگرام’’ کے چوتھے مرحلے کے تحت 89 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیرسہیل شوکت بٹ کی خصوصی شرکت، وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نو بیاہتا جوڑوں کیلئے مبارکباد اور نیک تمنا ئوں کا پیغام، ہر دلہن کو 2 لاکھ روپے سلامی بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ اور عروسی ملبوسات پیش، صوبائی وزیر کی نو بیاہتا جوڑوں اور اہل خانہ سے ملاقات، مبارکباد اور دعائیں، فیملیز کے ہمراہ کھانا کھایا، مستحق خاندانوں کا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کیلئے ڈھیروں دعا ئوں کے ساتھ اظہارِ تشکر ،صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نیتقریب سے خطاب میں کہا کہ ریاست کا حقیقی فلاحی کردار یہی ہے کہ وہ مستحق خاندانوں کی مشکلات میں ان کا سہارا بنے اور ان کی خوشیوں میں بھرپور شریک ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا‘‘دھی رانی پروگرام ’’اسی جذبہ حساس و سرپرستی کی عملی تصویر ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں ہزاروں مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کو عزت، وقار اور حکومتی معاونت کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام تقریب میں ڈپٹی کمشنر آصف رضا، ایس پی انوسٹی گیشن غلام عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انصر علی، اسسٹنٹ کمشنر محمد اقبال، ڈی ایس پی وسیم افضال، ممبران صوبائی اسمبلی سردار منصب علی ڈوگر، چودھری جاوید احمد، میاں فاروق احمد خان مانیکا، چودھری عمران اکرم جٹ، موتیا مسعود، عامرہ خان، ساجدہ نوید،ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیاز احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مدیحہ گیلانی سمیت دیگر محکموں کے افسران، معززین اور نو بیاہتا جوڑوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔