دھی رانی پروگرام کا تیسرامرحلہ، ضلع بہاولپور میں174 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

 پروگرام کے تحت امسال 5 ہزار سے زائد مستحق بیٹے بیٹیوں کی شادیاں کروائی جائیں گی،صوبائی وز یر سہیل شوکت بٹ 
 بہاول پور(آ ئی این پی )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے دھی رانی پروگرام کے تحت امسال 5 ہزار سے زائد مستحق بیٹے بیٹیوں کی شادیاں کروائی جائیں گی۔ یہ بات صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بہاولپور میں منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلی پنجاب کے اجتماعی شادیوں کے انقلابی اقدام دھی رانی پروگرام کے تیسرے مرحلہ میں ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والے 174 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب انجام پائی۔ تقریب میں وزیر اعلی کی جانب سے ہر نوبیاہتا جوڑے کو 2 لاکھ روپے بطور سلامی پیش کیے گئے جبکہ اس سے قبل دلھا دلھن کا عروسی جوڑا بھی انہیں بطور تحفہ دیا گیا تھا۔ تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں نے سلامی اور تحائف کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب بہاولپور کی مقامی میرج مارکی میں منعقد کی گئی۔