مقابلہ کیس :نامزد ایس آئی اور کانسٹیبل کی ضمانت میں توسیع

 ہائیکورٹ میں مقابلے میں ملوث پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت 
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ جعلی پولیس مقابلے کے مقدمے میں نامزد ایس آئی معظم شہباز اور کانسٹیبل علی نواز کی عبوری ضمانت میں 7 دسمبر تک توسیع کر دی۔ ہائیکورٹ میں مبینہ مقابلے میں ملوث پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔جسٹس امجد پرویز نے ایس آئی معظم شہباز اور کانسٹیبل علی نواز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ایف آئی اے ساہیوال نے بلقیس بی بی کی درخواست پر تھانہ گوگیرہ ضلع اوکاڑہ کے پولیس اہلکاروں کیخلاف مبینہ جعلی پولیس مقابلے کا مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی اے کے مطابق بلقیس بی بی کے بیٹے صبغت الحسن کو پولیس نے دورانِ حراست مبینہ مقابلے میں قتل کیا۔ مقتول کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ پولیس اہلکار دراصل 376 کے مقدمے میں بھانجے کو گرفتار کرنے گئے تھے تاہم انہوں نے اس کے ماموں صبغت الحسن کو حراست میں لے لیا۔بعد ازاں اسے پولیس مقابلے میں ماردیاگیا۔ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ پولیس اہلکاروں ایس ایچ او عظمت علی، سب انسپکٹر رانا نظر عباس، سب انسپکٹر رائے منظور، اے ایس آئی عرفان علی اور محرر سیف اللہ کو گرفتار کرلیاتھا۔