اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)نئے آرڈیننس کے تحت اوکاڑہ میں جھوٹا اور غلط استغاثہ دائر کرنے پر عدالت نے اہم فیصلہ سنا دیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شیخ عمران نے جھوٹا استغاثہ دائر کرنے کے مقدمہ میں محمد یونس کو قصوروار قرار دیتے ہوئے2سال قید اور5لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالتی حکم پر مجرم کو فوری طور پر گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا۔محمد یونس نامی شخص کی جانب سے عدالت میں ایک استغاثہ دائر کیا گیا تھا، تاہم دورانِ سماعت استغاثہ میں عائد الزامات غلط اور بے بنیاد ثابت ہوئے۔ عدالت نے شواہد اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد محمد یونس کو جھوٹا استغاثہ دائر کرنے کا مرتکب قرار دیا۔فاضل عدالت نے نئے آرڈیننس کے تحت اپنا فیصلہ سناتے ہوئے محمد یونس کو دو سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو موقع پر ہی حراست میں لے کر جیل بھجوا دیا گیا۔قانونی حلقوں کے مطابق نئے آرڈیننس کے تحت اوکاڑہ میں جھوٹا استغاثہ دائر کرنے پر یہ پہلا عدالتی فیصلہ ہے، جس سے عدالتوں میں جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کے ذریعے قانونی عمل کو متاثر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اہم مثال قائم ہوئی ہے۔