راولپنڈی(آن لائن)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے روبرو تحریک انصاف کے 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ صادق آباد میں درج مقدمہ میں نامزد سابق چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے استغاثہ کے 21 گواہوں کو طلب کرنے کی درخواست دائر کردی ہے گواہوں میں وفاقی وزیر داخلہ، وفاقی وزیر اطلاعات اور صوبائی وزیر اطلاعات سمیت دیگر اہم شخصیات شامل ہیں عدالت نے علیمہ خانم کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو آج (بروز بدھ)کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں جبکہ علیمہ خانم نے عدالت کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت جاری کردہ سوالنامہ بھی وصول کر لیا ہے سوالنامہ 37 سوالات پر مشتمل ہے علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد کے مقدمہ کی سماعت کے موقع پر علیمہ خانم کے وکیل محمد فیصل ملک نے استغاثہ کے 21 گواہان کو عدالت میں طلب کرنے کی درخواست دائر کی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر علیمہ خانم اپنے وکلا محمد فیصل ملک اور نعیم حیدر پنجوتھہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اس موقع پر سینیئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ پر مشتمل پراسیکیوشن ٹیم کمرہ عدالت میں موجود تھی علیمہ خانم کی جانب سے دائر درخواست میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کے علاوہ اینکر شاہزیب خانزادہ، منصور علی خان، انصار عباسی، مختلف اخبارات کے ایڈیٹرز، مختلف ٹی وی چینلز کے نیوز ایڈیٹرز اور بیورچیفس سمیت 21 افراد کو بطور گواہ طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے تاہم عدالت نے درخواست سماعت کے لئے منظور کر کے فریقین کو آج (بروز بدھ)کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں دوران سماعت عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت 37 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی علیمہ خانم کو دیا جسے علیمہ خانم کے وکیل نے وصول کرلیا جبکہ مقدمہ کے 2 دیگر ملزمان نے دفعہ 342 کے تحت سوالنامے کا جواب بھی عدالت میں جمع کروادیا ہے مقدمہ پر مزید سماعت آج بدھ کو ہوگی