آٹا،مرغی کاگوشت مزیدمہنگا، شہر ی نکو نک

ایک ماہ قبل 1800 میں فروخت ہونیوالا 15 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے تک پہنچ گیا
مرغی کے گوشت کاسرکاری نرخ 584 سے بڑھ کر 621ہوگیا ،اشیاضروریہ سستی کرنے کامطالبہ 
لاہور(خصوصی رپورٹ)آٹے اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں کوپرلگ گئے،غریب اور متوسط طبقے کیلئے دووقت کی روٹی کاحصول مشکل ہوگیا۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2400 روپے تک پہنچ گیاجبکہ برائلرگوشت کے نرخ ایک ہفتے کے دوران 35 روپے تک بڑھنے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایک ماہ کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں سینکڑوں روپے تک اضافہ ہونے سے کم آمدن والے خاندان بچوں کاپیٹ پالنے کیلئے شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 15 کلو آٹے کا تھیلا ایک ماہ قبل 1800 روپے میں فروخت ہو رہا تھا جسکی قیمت میں 600 روپے اضافے کے بعد اب 2400 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 40 کلو آٹے کا تھیلا 4800 روپے سے بڑھ کر 1600 روپے اضافے کے ساتھ 6400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کاکہناہے کہ مہنگا آٹا دیہاڑی دار مزدوروں اور کم آمدن والے طبقے کی پہنچ سے باہر ہونے لگا ہے،محدود آمدن والے خاندانوں کیلئے گھر کا چولہا جلانا بھی دشوار ہو گیا ہے،بڑھتی مہنگائی کے باعث غریب خاندان بنیادی ضرورت آٹا خریدنے سے بھی پریشان ہے، آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے، آٹے کی قیمتوں میں فوری کمی اور ریلیف فراہم کیا جائے اورسرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔دوسری جانب لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران قیمت 35 روپے بڑھ گئی۔سرکاری نرخنامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 584 روپے سے بڑھ کر 621 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں چکن 700 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ دکانداروں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیا فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے۔