مہنگائی کے وار،آٹا مہنگا، شہری نکو نک

 آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، کراچی، پشاور، اسلام آباد میں شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،خصوصی رپورٹ ) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے تک اضافہ ہوا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.57 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.97 فیصد تک پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، 6 سستی ہوئیں جبکہ 25 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس دوران آٹا 5.69 فیصد، مرغی 4.93 فیصد، دال چنا 3.99 فیصد اور ٹماٹر 2.40 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ پیٹرول، دال مسور، چائے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ اعدادوشمار کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3400 روپے تک پہنچ گیا۔ راولپنڈی میں قیمت 347 روپے اضافے کے بعد 3333 روپے، سیالکوٹ میں 333 روپے اضافے کے بعد 3133 روپے، سکھر میں 300 روپے اضافے کے بعد 3060 روپے اور حیدرآباد میں 200 روپے اضافے کے بعد 3200 روپے تک پہنچ گئی۔ کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 70 روپے مہنگا ہوکر 3030 روپے جبکہ ملتان میں 66 روپے اضافے کے بعد 2866 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2300 روپے اور فیصل آباد میں 2200 روپے پر برقرار رہی۔ دوسری جانب ایک ہفتے میں کیلا 2.81 فیصد، ڈیزل 1.37 فیصد، آلو 0.89 فیصد اور چینی 0.37 فیصد سستی ہوئی۔ سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 100.24 فیصد، ایل پی جی میں 68.55 فیصد، بجلی کے چارجز میں 58.59 فیصد، پیٹرول میں 47.52 فیصد اور ڈیزل میں 42.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی عرصے میں گندم کا آٹا 32.60 فیصد، مرچ پائوڈر 15.55 فیصد، مٹن 15.02 فیصد، بیف 12.60 فیصد اور چکن 9.44 فیصد مہنگے ہوئے۔ سادہ ڈبل روٹی کی قیمت میں 8.99 فیصد اور دہی میں 8.08 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم سالانہ بنیادوں پر آلو 39.51 فیصد، ٹماٹر 37.07 فیصد، چینی 22.44 فیصد، انڈے 18.88 فیصد اور نمک پائوڈر 14.81 فیصد سستے ہوئے۔