متحدہ عرب امارات نے سرکاری دفاتر میں خدمات کے لیے اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرا دیا

متحدہ عرب امارات نے سرکاری دفاتر میں خدمات کے لیے اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرا دیا

دبئی: متحدہ عرب امارات نے شہریوں اور رہائشیوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان اور تیز بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ذاتی ڈیجیٹل معاون ’میرا‘ متعارف کرا دیا۔

 نئے نظام کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کے چکر لگانے اور پیچیدہ دستاویزی کارروائیوں سے نجات دلانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ اس کی خدمات مارچ 2027 سے مرحلہ وار شروع ہوں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی اس ڈیجیٹل معاون کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے حکومتی وژن ’گورنمنٹ 4.0‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرکاری نظام کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سہولیات اور مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ کرنا ہے۔وزیر برائے کابینہ امور محمد عبداللہ القرقاوی نے ’میرا‘ کو متحدہ عرب امارات کی حکومت کا ذاتی ڈیجیٹل معاون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا سرکاری اے آئی اسسٹنٹ ہے، جو ملک میں رہنے والے تمام شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو سرکاری خدمات تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گا۔حکام کے مطابق میرا جدید ایجنٹک آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے ذریعے کام کرے گا۔ یہ نظام صارفین کی ضروریات کو سمجھنے، ان کے سوالات کے جوابات دینے اور متعلقہ سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ اس کے علاوہ مختلف سرکاری خدمات کے حصول کے لیے درکار مراحل کو خودکار طریقے سے آگے بڑھانے میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

منصوبے کے تحت مارچ 2027 میں ابتدائی مرحلے کے دوران رہائشی اجازت ناموں، شناختی دستاویزات، پاسپورٹ کی تجدید، تعلیم اور صحت سے متعلق سرکاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ان سہولیات کے ذریعے شہری اور رہائشی ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے مختلف سرکاری معاملات انجام دینے کے قابل ہوسکیں گے۔حکام نے 2027 کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کی تمام سرکاری خدمات کو ’میرا‘ پلیٹ فارم پر دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس طرح صارفین کو مختلف محکموں کی ویب سائٹس پر الگ الگ جانے اور متعلقہ معلومات تلاش کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔نئے ڈیجیٹل معاون کی ایک اہم خصوصیت یہ ہوگی کہ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔ میرا متعلقہ دستاویزات کی تیاری، ضروری معلومات کی فراہمی اور سرکاری خدمات کے حصول کے لیے درکار کارروائیوں کو آسان بنانے میں مدد دے گا۔

اس نظام کے متعارف ہونے سے سرکاری خدمات کے روایتی طریقہ کار میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، کیونکہ شہریوں کو مختلف محکموں کے درمیان رابطوں اور کاغذی کارروائیوں میں وقت صرف کرنے کے بجائے ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی ضروریات پوری کرنے کی سہولت میسر آئے گی۔