کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات محبت، انسان دوستی، مساوات اور خدمتِ خلق کا آفاقی پیغام دیتی ہیں۔
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر سے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے ننکانہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا روایتی الفاظ ’’جی آیاں نوں‘‘ کے ساتھ خیرمقدم کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ننکانہ صاحب بابا گرو نانک دیو جی کی جائے پیدائش ہے اور دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد پاکستان کے مذہبی اور ثقافتی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات اور مقدس مقامات کی موجودگی ملک کے متنوع مذہبی تشخص کا اہم حصہ ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک دیو جی کی لازوال تعلیمات محبت، بھائی چارے، انسان دوستی، مساوات اور خدمتِ خلق جیسے آفاقی اصولوں پر مبنی ہیں۔ ان کی تعلیمات کسی ایک مذہب یا برادری تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک کا پیغام مذہبی رواداری، باہمی احترام اور انسانوں کے درمیان محبت کو فروغ دیتا ہے، جس پر عمل کرکے معاشرے میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے متنوع مذہبی اور ثقافتی ورثے پر فخر کرتا ہے۔ آئین پاکستان ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق آزادی، وقار اور تحفظ کے ساتھ زندگی گزارنے کا بنیادی حق فراہم کرتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام شہریوں کے لیے برابری، مذہبی آزادی اور تمام مذاہب کا احترام ایک پُرامن، ہم آہنگ اور ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی برادریوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات آج بھی انسانیت کو محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔