ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بابا گرو نانک کے جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات آج بھی انسانیت، محبت، اور اخوت کے پیغام کا نمائندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک نے ہمیشہ رواداری، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کی تعلیمات نے ایک پُرامن معاشرتی نظام کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد تمام افراد کے ساتھ مساوات اور عزت کے ساتھ پیش آنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب کے نادار اقلیتی شہریوں کے لیے دسمبر میں "مینارٹی کارڈ" فعال کیا جائے گا، جس کے تحت ہر سہ ماہی میں اقلیتی افراد کو 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ یہ اقدام اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکے۔
مزید برآں، مریم نواز نے اقلیتوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لیے "مینارٹی ورچوئل پولیس اسٹیشن" قائم کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد اقلیتی کمیونٹی کے افراد کو فوری انصاف فراہم کرنا اور ان کے خلاف ہونے والے جرائم کے معاملے میں فوری کارروائی کرنا ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ ہر شہری کو اس کے مذہب سے قطع نظر تمام حقوق اور سہولتیں ملنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد امن، آشتی اور رواداری کی فضا قائم کرنا ہے، اور ہمیں مل جل کر اپنی سرزمین کو اس بات کا نمونہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی حفاظت اور ان کے حقوق کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔