عارف والا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر جنات کے اثرات کے شبے میں حقیقی باپ نے اپنے ہی 13 سالہ بیٹے کو آہنی راڈ کے وار کرکے قتل کردیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا اور مقتول بچے کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔پولیس کے مطابق ملزم نذیر نے مبینہ طور پر اپنے 13 سالہ بیٹے عبداللہ کے سر پر آہنی راڈ سے وار کیا، جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا اور جانبر نہ ہوسکا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کے بیٹے پر جنات کا سایہ ہے، جس کے باعث اس نے بچے پر حملہ کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک لیبارٹری کی ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا۔ فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اور دیگر ضروری نمونے اکٹھے کیے تاکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم نذیر کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقتول بچے کی والدہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قتل کے محرکات، حالات و واقعات اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جاسکے۔