مظفرگڑھ:پانچ بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بیٹے اور دوسری شادی کی خواہش، باپ کے ہاتھوں دو بیٹیاں قتل

مظفرگڑھ:پانچ بیٹیوں کی پیدائش کے بعد بیٹے اور دوسری شادی کی خواہش، باپ کے ہاتھوں دو بیٹیاں قتل

مظفرگڑھ: بیٹے کی خواہش اور دوسری شادی کے ارادے نے ایک خاندان کو اجاڑ دیا، ضلع مظفرگڑھ کے علاقے سیت پور کے نواح میں مبینہ طور پر باپ نے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو قتل جبکہ بیوی کو ہتھوڑے مار کر شدید زخمی کر دیا۔

 واقعے کے بعد ملزم نے خودکشی کی کوشش بھی کی، جس کے نتیجے میں وہ خود بھی زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم محمد یونس کی پانچ بیٹیاں تھیں اور وہ بیٹے کا خواہش مند تھا۔ الزام ہے کہ بیٹے کی پیدائش نہ ہونے اور دوسری شادی کی خواہش پر اس نے اپنی دو بیٹیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا جبکہ بیوی نسیم بی بی پر بھی حملہ کیا۔سیت پور پولیس نے واقعے کا مقدمہ اپنی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے دونوں بچیوں کے گلے پر چھری پھیر کر انہیں قتل کیا جبکہ بیوی کے سر پر ہتھوڑے مار کر اسے شدید زخمی کر دیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق بچیوں کی شناخت 6 سالہ نصرت اور 3 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچیوں کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم سیت پور اسپتال میں کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے سے متعلق ضروری قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔واقعے میں زخمی ہونے والی نسیم بی بی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں علاج کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیا۔

 پولیس کے مطابق بیٹیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے بعد ملزم محمد یونس نے خودکشی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ بھی زخمی ہوگیا۔واقعے پر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دو کمسن بیٹیوں کے قتل اور ان کی والدہ کو زخمی کرنے کی مذمت کی ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ صرف بیٹا پیدا نہ ہونے پر معصوم بیٹیوں کو قتل کرنا انسانیت سوز اور ناقابل برداشت عمل ہے۔ بیٹیوں کو بوجھ سمجھنے والی سوچ پورے معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے سے بیٹے اور بیٹی میں تفریق کرنے والی فرسودہ سوچ کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ بیٹیوں کو کم تر سمجھنے اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کے رویوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔