عارف والا: اغوا اور قتل کے بعد سابقہ بیوی کے جسم کے ٹکڑے دفن کرنے والے سفاک مجرم گرفتار

عارف والا: اغوا اور قتل کے بعد سابقہ بیوی کے جسم کے ٹکڑے دفن کرنے والے سفاک مجرم گرفتار

عارف والا میں مبینہ طور پر اغوا کے بعد قتل ہونے والی خاتون کے کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مقتولہ کے سابق شوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کیا، جس کے بعد اس کی نشاندہی پر کھیتوں سے خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد کر لیے گئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے صلح کے بہانے اپنی سابقہ اہلیہ کو ملاقات کے لیے بلایا، جہاں مبینہ طور پر اسے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بعد ازاں لاش کے ٹکڑے کرکے انہیں زمین میں دبا دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ اور ملزم نے پسند کی شادی کی تھی اور ان کا ایک دو سالہ بچہ بھی ہے۔ بعد ازاں ملزم نے تقریباً ایک سال قبل خاتون کو طلاق دے دی تھی۔

واقعے سے قبل مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے دو سالہ بچے کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حتمی حقائق کا تعین عدالت میں مقدمے کی کارروائی کے دوران ہوگا۔