تہران: ایران میں معاشی بحران شدت اختیار کرگیا، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات بڑھا دیں۔
انڈے، دودھ اور مرغی سمیت بنیادی غذائی اشیا کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگیں جبکہ مہنگائی کے باعث کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں عوام کو مہنگائی کی نئی لہر کا سامنا ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ خصوصاً انڈوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور مارچ کے مقابلے میں ان کی قیمتیں دوگنا سے بھی زیادہ ہوچکی ہیں۔دودھ اور مرغی کی قیمتوں میں اضافے نے بھی شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ بنیادی غذائی ضروریات میں شامل ان اشیا کی مہنگائی کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے اپنے روزمرہ اخراجات کا انتظام کرنا ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے موسم گرما کے دوران اشیا اور خدمات کی پیداواری قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 120.9 فیصد تک پہنچ گئی۔ پیداواری لاگت میں اس قدر اضافے سے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
معاشی ماہرین کے مطابق پیداواری لاگت میں اضافے کے اثرات بالآخر صارفین تک منتقل ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ خوراک، توانائی اور دیگر بنیادی ضروریات مہنگی ہونے سے عام شہریوں کی قوت خرید متاثر ہو رہی ہے۔ایران میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کا سب سے زیادہ بوجھ کم آمدنی والے خاندانوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے، کیونکہ ان کے گھریلو بجٹ کا بڑا حصہ خوراک اور بنیادی ضروریات پر خرچ ہوتا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے باعث کئی خاندانوں کو اپنے اخراجات محدود کرنے اور غذائی اشیا کی خریداری میں کمی کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے معاشی استحکام، عوامی قوت خرید اور بنیادی ضروریات کی فراہمی سے متعلق خدشات بھی بڑھا دیے ہیں۔ ایرانی عوام کو اب مہنگائی کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کا بھی سامنا ہے۔