لاہور: مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں پر شکنجہ، 19 افراد گرفتار، لاکھوں کے جرمانے

لاہور: مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں پر شکنجہ، 19 افراد گرفتار، لاکھوں کے جرمانے

لاہور میں پرائس کنٹرول اور گراں فروشی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر فیلڈ ٹیموں نے شہر بھر کی مارکیٹوں، بازاروں اور دکانوں کی انسپکشنز مزید تیز کر دی ہیں تاکہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو مہنگے داموں اشیائے ضروریہ کی فروخت سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اے ڈی سی انفورسمنٹ کاشف جلیل کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور بھر میں مجموعی طور پر 2 ہزار 431 انسپکشنز کیں۔ اس دوران مختلف مارکیٹوں اور دکانوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، سرکاری نرخ ناموں کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کا جائزہ لیا گیا۔انسپکشنز کے دوران سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی اور گراں فروشی کے متعدد واقعات سامنے آئے، جس پر متعلقہ دکانداروں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو مجموعی طور پر 13 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران قانون کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے 19 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ گرفتار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے متعلقہ افسران اور فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں پرائس کنٹرول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں نہ کرنے والے دکانداروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔ کسی بھی دکاندار کو شہریوں سے من مانے نرخ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کے اقدامات کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانا ہے۔ فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مارکیٹوں میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں اور خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کریں۔