بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران مہمان بن کر آنے والے چور کی واردات، 22 لاکھ 50 ہزار کے زیورات اور نقدی لے اُڑا

بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران مہمان بن کر آنے والے چور کی واردات، 22 لاکھ 50 ہزار کے زیورات اور نقدی لے اُڑا

غازی آباد: بھارت کے شہر غازی آباد میں شادی کی تقریب کے دوران مہمانوں کے روپ میں آنے والے نامعلوم چور نے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کرلی اور اہل خانہ کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔

 واردات میں تقریباً 22 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کی گئی، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق چوری کا یہ واقعہ 20 نومبر کو غازی آباد کے علاقے ویو سٹی میں واقع ایک بینکوئٹ ہال میں پیش آیا، جہاں دہلی کے علاقے دوارکا سے آنے والے باراتیوں کی شادی کی تقریب جاری تھی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں مہمان شریک تھے اور شادی کی خوشیوں میں مصروف تھے۔پولیس کے مطابق ملزم عام مہمانوں کی طرح شادی کی تقریب میں داخل ہوا اور وہاں موجود لوگوں کے ساتھ گھل مل گیا۔ اس نے دیگر مہمانوں کی طرح کھانا بھی کھایا اور کسی کو اپنے ارادوں پر شک نہ ہونے دیا۔ ملزم کافی دیر تک موقع کا انتظار کرتا رہا تاکہ اطمینان سے واردات کرکے فرار ہوسکے۔واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جینز اور اسپورٹس شوز پہنے ایک شخص ہاتھ میں جیکٹ لیے بینکوئٹ ہال میں موجود ایک میز کے قریب پہنچتا ہے۔ میز پر مہمانوں کے ہینڈ بیگز اور پرس رکھے ہوئے تھے۔

فوٹیج کے مطابق اس دوران شادی میں شریک اہل خانہ اور دیگر مہمان ڈی جے فلور پر رقص اور تقریبات میں مصروف تھے۔ ملزم نے پہلے اردگرد کا جائزہ لیا اور جب اسے موقع مناسب دکھائی دیا تو اس نے میز پر رکھا ایک بیگ اٹھایا اور اسے اپنی جیکٹ کے پیچھے چھپا لیا۔ملزم انتہائی خاموشی اور مہارت سے بیگ لے کر بینکوئٹ ہال سے باہر نکل گیا، جبکہ تقریب میں شریک کسی شخص کو اس کی مشکوک سرگرمیوں کا فوری طور پر علم نہ ہوسکا۔اہل خانہ کو واردات کا پتا اس وقت چلا جب وہ رقص اور دیگر تقریبات کے بعد اپنی میز پر واپس آئے تو وہاں سے بیگ غائب تھا۔ انہوں نے پہلے بینکوئٹ ہال میں مختلف مقامات پر بیگ تلاش کیا، تاہم ناکامی پر پولیس کو اطلاع دے دی۔متاثرہ خاندان کے مطابق چوری ہونے والے بیگ میں تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور دیگر قیمتی زیورات جبکہ ڈھائی لاکھ روپے نقد موجود تھے۔ اس طرح مجموعی طور پر چوری ہونے والی رقم اور زیورات کی مالیت تقریباً 22 لاکھ 50 ہزار روپے بنتی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیشی حکام نے بینکوئٹ ہال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور ملزم کی آمد، مشکوک نقل و حرکت اور فرار ہونے کے راستے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں ملوث ملزم اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کے ممکنہ ساتھی بھی مہمانوں کے روپ میں شادی کی تقریب میں موجود ہوسکتے تھے، جو مہمانوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور واردات میں مدد فراہم کرنے کے لیے وہاں آئے ہوں۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مشتبہ شخص کی شناخت کرنے اور اس کے ممکنہ ساتھیوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔