کراچی: بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن کی قائم خانی کالونی میں چوری کی واردات کے دوران ملزمان گھر کی کنڈی تالے سمیت اکھاڑ کر اندر داخل ہوگئے اور نقدی، سونا سمیت گھریلو سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق واردات اس وقت پیش آئی جب گھر کے تمام افراد والد کے ڈائیلائسز کے لیے اسپتال گئے ہوئے تھے، جبکہ گھر کی خاتونِ خانہ بھی سول اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کے پاؤں کا آپریشن ہونا ہے۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر پلاس کی مدد سے دروازے کی کنڈی کو تالے سمیت جڑ سے اکھاڑ دیا اور گھر میں داخل ہوکر مختلف کمروں کی تلاشی لی۔ چور گھر میں موجود نقدی اور قیمتی اشیا کے ساتھ ساتھ کچن اور دیگر گھریلو سامان بھی ساتھ لے گئے۔متاثرہ خاندان کے مطابق ملزمان تقریباً 20 ہزار روپے نقدی اور تقریباً 50 ہزار روپے مالیت کا سونا لے گئے۔ اہلخانہ نے بتایا کہ سونے کی اشیا میں ایک معمولی مالیت کی انگوٹھی اور بالیاں شامل تھیں، جو بچی کی پیدائش کے موقع پر رشتہ داروں اور جاننے والوں کی جانب سے تحفے میں دی گئی تھیں۔خاندان کے سربراہ نے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے کارپینٹر ہیں اور والدین کے علاج معالجے پر اپنی جمع پونجی خرچ کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق والد کو ڈائیلائسز کے لیے اسپتال لے جایا گیا تھا، جبکہ والدہ سول اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کے پاؤں کا آپریشن ہونا ہے۔
متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ گھر میں پہلے ہی مالی مشکلات کا سامنا تھا اور جو تھوڑا بہت سامان موجود تھا، چور وہ بھی لے گئے۔ اہلخانہ کے مطابق ملزمان نے گھر سے چولہا، کچن میں موجود اسٹیل کے گلاس اور دیگر گھریلو اشیا تک چوری کرلیں۔واردات کے بعد متاثرہ خاندان نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور چوری شدہ سامان اور قیمتی اشیا کی برآمدگی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ والدین کے علاج کے اخراجات پہلے ہی ان کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ ہیں، ایسے میں گھر میں موجود نقدی، سونا اور ضروری گھریلو سامان چوری ہوجانے سے انہیں مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے پولیس اور مخیر افراد سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔