لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ایک بار پھر سرفہرست آگیا۔
فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ زہریلی دھند اور اسموگ نے معمولات زندگی کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔شہر کی فضا میں آلودگی کا تناسب خطرناک حد تک برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، کھانسی، گلے میں خراش اور آنکھوں میں جلن و چبھن جیسی شکایات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس کے مسائل سے دوچار افراد فضائی آلودگی سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ رکھتے ہیں۔فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 277 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی صورتحال مزید تشویشناک رہی۔ برکی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 562 تک جا پہنچا جبکہ گلبرگ میں آلودگی کی شرح 400 ریکارڈ کی گئی۔ مختلف علاقوں میں آلودگی کے ان اعدادوشمار نے شہر کی فضائی صورتحال کی سنگینی کو واضح کر دیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے اور صبح کے اوقات میں موسم سرد رہا۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔موسم کی سردی اور فضائی آلودگی کے امتزاج نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال کریں اور آنکھوں کو آلودہ فضا سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔