کراچی ایئرپورٹ رن وے سے متصل نئی سڑک کے کھمبے طیاروں کے لیے بڑا خطرہ قرار

 کراچی(آئی این پی)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے سے متصل گلستان جوہر اور شاہراہ فیصل کے درمیان تعمیر کی جانے والی نئی سڑک پر نصب اسٹریٹ لائٹس کے کھمبوں کو مسافر طیاروں کے لیے بڑا خطرہ قرار دے دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کراچی نے کسی بھی ممکنہ فضائی حادثے سے بچا کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے)کی انتظامیہ کو باضابطہ تجاویز پیش کر دی ہیں۔اے ٹی سی حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت تیز روشنیوں اور قطار میں لگے کھمبوں کے باعث نئی سڑک لینڈنگ کے لیے آنے والے پائلٹس کو بالکل رن وے جیسی محسوس ہوتی ہے، جو انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ایئر ٹریفک کنٹرول نے تجویز دی ہے کہ گلستان جوہر کی اس نئی سڑک پر نصب کھمبوں کی اونچائی فوری طور پر کم کی جائے اور رن وے کے عین سامنے طیاروں کی لینڈنگ والے کوریڈور کو مکمل طور پر خالی رکھا جائے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر لینڈنگ کوریڈور کو کلیئر نہ رکھا گیا تو کسی بھی وقت طیاروں کے کھمبوں سے ٹکرانے کا سنگین حادثہ پیش آ سکتا ہے۔مزید برآں، اے ٹی سی نے سفارش کی ہے کہ فوری حفاظتی اقدام کے طور پر رات کے اوقات میں رن وے کے سامنے آنے والی نئی سڑک کے کھمبوں کی لائٹس بند رکھی جائیں۔ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نئی سڑک اور کھمبوں کا یہ مسئلہ فوری طور پر بلدیہ عظمی کراچی (کے ایم سی) کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔