بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں ‘ مختلف امور پر غیر رسمی تبادلہ خیال کیا گیا
نئی دہلی(آئی این پی) بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے کہا ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے پہلے تہذیبی مکالمہ فورم کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی باضابطہ دوطرفہ مذاکرات نہیں ہوئے، تاہم دونوں ملکوں کے وفود کے ارکان کی غیر رسمی ملاقاتیں اور بات چیت ضرور ہوئی۔تین روزہ ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کے اختتام پر بھارتی وزیر ثقافت وویک اگروال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک سے بھارتی حکام کی کوئی باضابطہ دوطرفہ ملاقات طے نہیں ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس اور ضیافتوں کے دوران بھارتی وفد کے ارکان کی پاکستانی وزیر سے ملاقاتیں ہوئیں اور مختلف امور پر غیر رسمی تبادلہ خیال بھی کیا گیا، تاہم اسے باضابطہ پاک بھارت مذاکرات قرار نہیں دیا جاسکتا۔