جس طرح ہم ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان بھی نہیں چلتی مصدق ملک

  ہمیں حکومتی پالیسیوں میں لبرلآئزیشن کی ضرورت ہے، کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں  ، معاملات کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ہوگا
گلیشیئر تیزی سے پگھلنا شروع ہو گئے تو  نہری نظام تباہ ہو جائے گا، جو بھی قدم اٹھانا ہے  ماحولیات کو سامنے رکھ کر اٹھانا ہے:وفاقی وزیر

 اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے  جس طرح ہم ملک چلا رہے ہیں ایسے تو پرچون کی دکان بھی نہیں چلتی،  ہمیں حکومتی پالیسیوں میں لبرلآئزیشن کی ضرورت ہے،۔اسلام آباد میں سالانہ تکنیکی کانفرنس اور آئل شو سے خطاب کرتے ہوئے  مصدق ملک نے کہا کہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، معاملات کو نجی شعبے کے حوالے کرنا ہوگا، پی آئی اے کی نجکاری میں ناکامی ہوئی، ہم ایک بار پھر پی آئی اے کی نجکاری شروع کررہے ہیں، ہمیں ملکی وسائل پر انحصار بڑھانا ہے، دقیانوسی اور نوکر شاہی کے طریقوں سے باہر نکلنا ہو گا۔حکومت مقامی پیداوار کو بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے، ایسی توانائی کا کیا کریں گے جسے عوام خرید نہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ ایک آدھ مشین لانے سے خوشحالی نہیں آئے گی، پائیدار ترقی کے لیے خود سائنس اور تحقیق کا کام کرنا ہوگا، یہ اعتماد پیدا کریں کہ ہم بھی ایک قوم ہیں، ترقی کرنا ہے تو اوئے توئے کے ماحول سے نکلنا پڑے گا، اگر گلیشئرز تیزی سے پگھلنا شروع ہو گئے تو ہمارا نہری نظام تباہ ہو جائے گا، جو بھی قدم اٹھانا ہے اسے ماحولیات کو سامنے رکھ کر اٹھانا ہے۔