بھارتی حکام نے مصدق ملک کو تاج محل اور درگاہ حضرت نظام الدین جانے سے روکدیا

ویزا صرف ایس سی او کے سرکاری اجلاس میں شرکت کیلئے جاری کیا گیا ، اس لئے دیگر مقامات کے دورے کی اجازت نہیں دی جا سکتی:حکام
 مصدق ملک  شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے فورم میں شرکت کیلئے دہلی میں ہیں‘ 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا  پہلا دورہ بھارت ہے
نئی دہلی ( آن لائن )بھارت میں موجود پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو تاج محل اور حضرت نظام الدین درگاہ کی زیارت کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی حکام نے ان کے ویزے کو صرف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمے فورم میں شرکت تک محدود قرار دیتے ہوئے اضافی مقامات کے دورے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مصدق ملک نے آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل اور نئی دہلی میں حضرت نظام الدین درگاہ جانے کی خواہش ظاہر کی تھی، تاہم بھارتی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا ویزا صرف ایس سی او کے سرکاری اجلاس میں شرکت کے لیے جاری کیا گیا ہے، اس لیے انہیں دیگر مقامات کے دورے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وفاقی وزیر مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک بھارت میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے فورم میں شرکت کے لیے وہاں موجود ہیں۔ 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورہ بھارت ہے۔