پاکستان کا مزید 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ، تیسرا ٹینڈر جاری

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی حکومت نے ملک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری ٹینڈر دستاویزات کے مطابق گندم درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی بولی دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ٹینڈر کے تحت بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر پابندی ہوگی۔ جنگ زدہ علاقوں سے گندم فراہم کرنے والی کمپنیوں کو متبادل ممالک سے سپلائی کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔