پاکستان کو چینی درآمد کے ٹینڈر کے جواب میں 539 ڈالر فی ٹن کی پیشکش

 پاکستان  کی 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری ، تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے
اسلام آباد(آئی این پی )یورپی تاجروں نے ابتدائی جائزوں میں بتایا ہے کہ بین الاقوامی ٹینڈر میں پاکستان کی جانب سے ایک لاکھ ٹن چینی خریدنے کے لیے   دی گئی سب سے کم قیمت کا اندازہ 539 ڈالر فی میٹرک ٹن( کاسٹ اینڈ فریٹ سمیت ) لگایا گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے   کی رپورٹ کے مطابق یورپی تاجروں نے کہا کہ اسٹیٹ ٹریڈنگ ایجنسی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ٹینڈر میں پیش کی گئی بولیوں پر ابھی غور کیا جا رہا ہے اور تاحال کسی خریداری کی اطلاع نہیں ملی۔گزشتہ ماہ پاکستان نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی تاکہ قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے، کیوں کہ خوردہ چینی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے کم پیشکش تجارتی ادارے ای ڈی اینڈ ایف مین نے دی، جو کسی بھی ملک سے حاصل کردہ 50 ہزار ٹن فائن گریڈ چینی کے لیے تھی، ٹینڈر میں مبینہ طور پر مزید تین شرکا بھی شامل تھے۔بریک بلک سپلائیز کی ترسیل 1 سے 15 ستمبر کے درمیان 50 ہزار ٹن کے لیے مطلوب ہے، جب کہ باقی 25 ستمبر تک بھیجی جا سکتی ہے، سمندری کنٹینرز میں چینی بھی 1 سے 20 ستمبر کے درمیان بھیجی جا سکتی ہے۔